نارنگ منڈی (SahibMeo) تعبیر فاؤنڈیشن اور کائنڈہرٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے نجی شادی ہال نارنگ میں سفید موتیا اور دیگر امراض چشم کے مریضوں کے لیے ایک روزہ مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیاجس میں 620 مریضوں کی آنکھوں کا مفت معائنہ کیا گیا
تعبیر فاؤنڈیشن اور کائنڈہرٹ فاؤنڈیشن کے ایک روزہ مفت آئی کیمپ میں 620 مریضوں کا معائنہ ہوا، 44 سفید موتیا کے آپریشن کیے گئے اور مفت ادویات و عینکیں فراہم کی گئیں۔
نارنگ منڈی: تعبیر فاؤنڈیشن اور کائنڈہرٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے نجی شادی ہال نارنگ میں سفید موتیا اور دیگر امراضِ چشم کے مریضوں کے لیے ایک روزہ مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 620 مریضوں کی آنکھوں کا مفت معائنہ کیا گیا۔ ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کو مختلف امراض کی تشخیص کے بعد مفت ادویات، آئی ڈراپس اور عینکیں فراہم کیں، جبکہ سفید موتیا کے 44 مریضوں کے مفت آپریشن بھی کیے گئے۔ کیمپ میں آنے والے مریضوں اور ان کے ہمراہ آنے والے لواحقین کے لیے دوپہر کے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین تعبیر فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد شاہد سرویا نے سٹی پریس کلب نارنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فری آئی کیمپ کے انعقاد کا مقصد مستحق اور نادار افراد کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر آنکھوں کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں اس نوعیت کے فلاحی کیمپ عوام کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیمپ سے سینکڑوں مریض مستفید ہوئے۔ سابق ایم پی اے چوہدری واجد علی خان نے کہا کہ ایسے فلاحی طبی کیمپوں کا انعقاد قابلِ تحسین اقدام ہے۔ بعد ازاں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور معززینِ علاقہ نے کیمپ کا دورہ کیا، فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعبیر فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات کو سراہا۔