نارنگ منڈی: ریکارڈ توڑ موسلا دھار بارش، ہر طرف پانی ہی پانی، بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کو پریشان کر دیا
موسلا دھار بارش سے نارنگ منڈی کے بازار اور سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، فیڈر ٹرپ ہونے پر کئی گھنٹے بجلی بند رہی جبکہ راجباہ اور گول چکر کے قریب نالہ اوور فلو کر گیا۔
نارنگ منڈی اور گردونواح میں ہونے والی ریکارڈ توڑ موسلا دھار بارش نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے۔ کئی گھنٹے جاری رہنے والی شدید بارش کے باعث شہر کی گلیاں، بازار، رابطہ سڑکیں اور مرکزی شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ نشیبی علاقوں میں کئی کئی گھنٹے پانی جمع رہا۔ بارش نے جہاں شہریوں کو گرمی اور حبس سے نجات دلائی، وہیں کسانوں کے چہروں پر بھی خوشی بکھیر دی۔ زرعی ماہرین کے مطابق اس بارش سے بالخصوص چاول کی فصل کو خاطر خواہ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ تاہم بارش کے ساتھ ہی بجلی کا نظام بھی جواب دے گیا۔ مختلف فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث رات اور دن کے دوران کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہی، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار رہے۔ لیسکو کی ٹیمیں بجلی بحال کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کرتی رہیں، تاہم بجلی کی ترسیل کا پرانا اور فرسودہ نظام بحالی کے عمل میں بڑی رکاوٹ ثابت ہوا، جس کے باعث متعدد علاقوں میں فراہمی طویل وقت تک معطل رہی۔ ادھر شہر کے وسط سے گزرنے والا راجباہ اوور فلو ہو گیا، جبکہ پنڈوری کے قریب نہر میں شگاف پڑنے سے اردگرد کے کھیت زیرِ آب آ گئے۔ گول چکر کے قریب نالہ بھی اوور فلو کر گیا، جس سے قریبی پلاٹس اور زرعی زمینیں پانی میں ڈوب گئیں۔ دوسری جانب ’’ستھرا پنجاب‘‘ کی ٹیمیں نکاسیٔ آب اور سڑکوں کی بحالی کے لیے سرگرم رہیں، تاہم پانی کی بڑی مقدار کے باعث صورتحال معمول پر آنے میں وقت لگا۔ شدید بارش اور تیز آندھی کے باعث متعدد مقامات پر سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسیٔ آب کے نظام اور بجلی کے انفراسٹرکچر کو جدید بنایا جائے، تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچا جا سکے۔