نارنگ منڈی سے لاہور، مریدکے اور نارووال روٹس پر گرین بس سروس کی باقاعدہ منظوری

 نارنگ منڈی سے لاہور، مریدکے اور نارووال روٹس پر گرین بس سروس کی باقاعدہ منظوری

ایم پی اے چوہدری حسان ریاض کے مطابق نارنگ منڈی سے لاہور، مریدکے اور نارووال روٹس پر گرین بس سروس کی منظوری ہو چکی ہے اور انتظامی مراحل مکمل ہوتے ہی بسیں چلائی جائیں گی۔

نارنگ منڈی: ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری حسان ریاض کے مطابق نارنگ منڈی سے لاہور، مریدکے اور نارووال روٹس پر گرین بس سروس کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام انتظامی و تکنیکی مراحل مکمل ہوتے ہی بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی۔ ایم پی اے کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، ممبر قومی اسمبلی رانا احمد عتیق انور اور ان کی مشترکہ کاوشوں سے صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے گرین بس منصوبے کی منظوری دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے ہزاروں شہریوں، طلبہ، ملازمین اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کو محفوظ، معیاری اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی۔ چوہدری حسان ریاض نے کہا کہ حلقے کے عوام سے کیے گئے وعدے مرحلہ وار پورے کیے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، جس کے لیے عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ ایم پی اے کا کہنا تھا کہ مقامی مسائل کے مستقل حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔