نارنگ منڈی (SahibMeo ) مریدکے نارووال روڈ پر ٹریفک حادثات میں 60 سالہ خاتون اور 7 سالہ معصوم بچہ جاں بحق، علاقے میں تشویش کی لہر

نارنگ منڈی (SahibMeo ) مریدکے نارووال روڈ پر ٹریفک حادثات میں 60 سالہ خاتون اور 7 سالہ معصوم بچہ جاں بحق، علاقے میں تشویش کی لہر

مریدکے نارووال روڈ پر دو الگ الگ حادثات میں 60 سالہ خاتون اور سات سالہ بچہ جاں بحق ہو گئے؛ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور فرار ہیں اور پولیس نے تلاش تیز کر دی ہے۔

نارنگ منڈی اور گردونواح میں پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں ایک 60 سالہ خاتون اور 7 سالہ معصوم بچہ جاں بحق ہو گئے۔ ان واقعات کے بعد علاقے میں افسوس اور تشویش کی فضا پائی جاتی ہے۔ پہلا حادثہ گندہووال، نارووال روڈ پر پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 60 سالہ خاتون بلقیس دختر محمد شفیع موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لواحقین کی درخواست پر میت کو آبائی گاؤں میانی کوٹلی منتقل کر دیا گیا۔ دوسرا افسوسناک حادثہ مریدکے نارووال روڈ پر نارنگ موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں سڑک عبور کرتے ہوئے ایک 7 سالہ بچہ نامعلوم بلیک ویگو ڈالے کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بچے کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد بچے کی میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ دونوں حادثات کے بعد علاقہ مکینوں نے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر حفاظتی اقدامات سخت کیے جائیں اور حادثات کے ذمہ دار ڈرائیوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب پولیس نے قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے نامعلوم گاڑیوں اور ڈرائیوروں کی تلاش کا عمل تیز کر دیا ہے۔