نارنگ منڈی ڈائریکٹر زراعت توسیع لاہور ڈویژن کا تحصیل مریدکے اور نارنگ منڈی کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، فصلوں کے نقصانات کا جائزہ

نارنگ منڈی ڈائریکٹر زراعت توسیع لاہور ڈویژن کا تحصیل مریدکے اور نارنگ منڈی کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، فصلوں کے نقصانات کا جائزہ

ڈائریکٹر زراعت توسیع لاہور ڈویژن ڈاکٹر جاوید اختر نے مریدکے اور نارنگ منڈی کے سیلاب زدہ دیہات کا دورہ کیا اور دھان کی متاثرہ فصلوں کے نقصانات کا شفاف تخمینہ لگانے کی ہدایت دی۔

ڈائریکٹر زراعت توسیع لاہور ڈویژن ڈاکٹر جاوید اختر نے تحصیل مریدکے اور گردونواح کے سیلاب زدہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخوپورہ چوہدری محمد شفیق اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع مریدکے محمد فاروق ملک بھی موجود تھے۔ دورے کا مقصد حالیہ موسلا دھار بارشوں اور نالہ ڈیک کے اوور فلو سے پیدا ہونے والی صورتحال اور زیرِ آب آنے والی فصلوں کا جائزہ لینا تھا۔ وفد نے جی ٹی روڈ مریدکے کے نواحی علاقوں ننگل ساہداں، بڈھن، فتح پوری، بھٹیاں والا، کھوڑی، ننگل عیسیٰ اور موناوالا کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کے اطراف ٹپیالہ، تاج پورہ، ڈالا واہگہ، چک بھلہ اور نارنگ منڈی سمیت متعدد دیہات کا بھی دورہ کیا گیا، جہاں بارشوں اور سیلابی پانی سے متاثرہ دھان اور دیگر فصلوں کا معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹر جاوید اختر نے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ متاثرہ فصلوں کے نقصانات کا فوری اور شفاف انداز میں تخمینہ لگایا جائے۔ انہوں نے کسانوں کو آگاہ کیا کہ جن کھیتوں میں پانی کھڑا ہے، وہاں سے جلد از جلد پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جائے، تاکہ دھان کی فصل کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ بعد ازاں وفد نے کالا شاہ کاکو میں زیرِ تعمیر ایگری مال کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ جی ٹی روڈ مریدکے پر ایک ایکڑ رقبے پر قائم ہونے والے ایگری مال میں کسانوں کو ایک ہی جگہ کھاد، بیج، زرعی ادویات، ڈیزل، زرعی آلات اور مشینری کی فراہمی کے ساتھ کرایہ پر زرعی مشینری کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ ایگری مال کی تعمیراتی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں۔ ڈائریکٹر زراعت لاہور ڈویژن نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں میں متوازن کھادوں کے استعمال، دھان کے کھیت میں مناسب پودوں کی تعداد برقرار رکھنے اور جدید زرعی سفارشات پر عمل درآمد کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے فیروزوالہ آفس کا بھی دورہ کیا، جہاں حالیہ بارشوں کے دوران نالہ بھیڑ سے ہونے والے نقصانات اور حفاظتی اقدامات پر محکمہ زراعت کے افسران و عملے سے تفصیلی گفتگو کی اور کسانوں کی بروقت رہنمائی اور معاونت کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔