نارنگ منڈی (SahibMeo)نواسہ رسول ﷺ، شہزادہ کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام کے کم سن فرزند حضرت علی اصغر علیہ السلام کی عظیم قربانی اور لازوال یاد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے گزشتہ برسوں کی روایت برقرار رکھتے ہوئے سات محرم الحرام کے موقع پر منہاج یوتھ لیگ نارنگ منڈی کے زیرِ اہتمام گجر چوک نارنگ میں دودھ کی عظیم الشان سبیل کا اہتمام
سات محرم الحرام پر منہاج یوتھ لیگ کے زیرِ اہتمام گجر چوک میں دودھ کی سبیل لگائی گئی، جہاں تقریباً بیس من دودھ راہگیروں، مسافروں اور بچوں میں تقسیم کیا گیا۔
نارنگ منڈی: سات محرم الحرام کے موقع پر منہاج یوتھ لیگ نارنگ منڈی کے زیرِ اہتمام گجر چوک نارنگ میں دودھ کی عظیم الشان سبیل کا اہتمام کیا گیا۔ منتظمین کے مطابق سبیل کا اہتمام نواسہ رسول ﷺ، شہزادہ کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام کے کم سن فرزند حضرت علی اصغر علیہ السلام کی عظیم قربانی اور لازوال یاد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے، گزشتہ برسوں کی روایت برقرار رکھتے ہوئے کیا گیا۔ سبیل پر تقریباً 20 من دودھ مسافروں، راہگیروں اور بالخصوص ننھے بچوں میں تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد محبتِ اہلِ بیتؑ کے جذبے کے تحت خدمتِ خلق میں مصروف نظر آئی اور حضرت علی اصغر علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت کو یاد کرتے ہوئے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ دودھ کی سبیل کے انعقاد کا مقصد واقعہ کربلا کے کم سن شہید کی قربانی کو یاد کرنا، اہلِ بیت اطہار علیہم السلام سے اپنی محبت کا اظہار کرنا اور انسانیت، ایثار اور خدمتِ خلق کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نئی نسل کو کربلا کے عظیم پیغام سے روشناس کرانے اور باہمی محبت، اخوت اور خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔