نارنگ منڈی (SahibMeo) محلہ مسلم پارک میں گرنے والے ڈرون سے پانچ کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی
محلہ مسلم پارک کی گلی میں گرنے والے ڈرون سے پانچ کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی؛ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقہ گھیرے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔
نارنگ منڈی: محلہ مسلم پارک میں گرنے والے ایک ڈرون سے پانچ کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق منشیات ڈرون کے ذریعے اسمگل کی جا رہی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ رات کی تاریکی میں آسمان پر سفر کرتا ایک ڈرون محلہ مسلم پارک کی گلی میں گر گیا۔ اہلِ محلہ کی جانب سے اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی ادارے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر ڈرون کا معائنہ کیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ نارنگ ملک نوید اقبال کے مطابق سیاہ رنگ کے ڈرون کے ساتھ بندھے پیلے رنگ کے پیکٹ سے کروڑوں روپے مالیت کی پانچ کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ پولیس نے ڈرون اور برآمد ہونے والی ہیروئن کو قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات ڈرون کے ذریعے اسمگل کی جا رہی تھیں، جو کسی نامعلوم وجہ سے گلی میں گر گیا۔ پولیس کے مطابق تمام وفاقی و صوبائی سیکیورٹی اداروں اور مقامی پولیس نے اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔