ٹیوشن سینٹر کی چھت گر گئی ،14بچےجابحق ، کہرام مچ گیا
لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق ہوئے؛ ملبے تلے 33 بچے دبے تھے اور پولیس نے سینٹر چلانے والے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔
لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے تصدیق کی کہ ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق ہوئے۔ ان کے مطابق 19 بچوں کو کاہنہ اسپتال لایا گیا، جہاں 5 زخمی بچے زیرِ علاج ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے 33 بچے دبے تھے۔ زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ مزید بچوں کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات پر امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔ ترجمان ریسکیو پنجاب کا کہنا تھا کہ ریسکیو کو واقعے کی اطلاع شام 4:45 بجے ملی۔ ان کے مطابق ملبے تلے دبے زیادہ تر بچے کم عمر تھے اور دم گھٹنے سے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ بچے ٹیوشن سینٹر میں پڑھنے آئے ہوئے تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیوشن سینٹر چلانے والے 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، اور تحقیقات کے بعد تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ پولیس کے مطابق ٹیوشن سینٹر کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام ہو رہا تھا جبکہ گراؤنڈ فلور پر بچے پڑھ رہے تھے۔ پولیس نے گھر کے مالک سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔