نارنگ منڈی لاہور،نارنگ،نارووال ریلوے سیکشن پر چلنے والی مسافر ٹرینوں میں سیٹوں پر قبضہ مافیا کا راج مسافروں کو شدید مشکلات اور ذہنی اذیت کاسامنا
لاہور، نارنگ، نارووال سیکشن کی مسافر ٹرینوں میں نشستوں پر قبضہ کرنے والے گروہ سے خواتین، بزرگ اور طلبہ پریشان؛ مسافروں نے خصوصی چیکنگ کے نظام کا مطالبہ کیا ہے۔
نارنگ منڈی: لاہور، نارنگ، نارووال ریلوے سیکشن پر چلنے والی مسافر ٹرینوں میں نشستوں پر قبضے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ چند افراد منظم انداز میں ٹرین کے ڈبوں میں داخل ہوتے ہی متعدد نشستوں پر قبضہ جما لیتے ہیں اور دیگر مسافروں کو بیٹھنے کی اجازت نہیں دیتے۔ ان کے مطابق جب کوئی شخص اپنی جائز نشست پر بیٹھنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ افراد بدتمیزی اور گالم گلوچ پر اتر آتے ہیں، اور بعض اوقات نوبت ہاتھا پائی اور لڑائی جھگڑے تک پہنچ جاتی ہے۔ مسافروں کے مطابق اس صورتحال کے باعث خواتین، بزرگ شہریوں، طلبہ اور بچوں کے ہمراہ سفر کرنے والے افراد کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مسافروں کا الزام ہے کہ نشستوں پر قبضہ کرنے والے بیشتر افراد باقاعدہ ٹکٹ بھی نہیں خریدتے، بلکہ مبینہ طور پر ٹکٹ چیکرز کو 50 روپے دے کر بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے اور ریلوے کے نظام پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث ایسے عناصر کے حوصلے بلند ہو چکے ہیں اور عام مسافر خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر متعلقہ حکام نے فوری نوٹس نہ لیا تو ٹرینوں میں امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ مسافروں نے وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی، ریلوے پولیس اور اعلیٰ ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور، نارنگ، نارووال سیکشن کی تمام مسافر ٹرینوں میں خصوصی چیکنگ کا نظام متعارف کرایا جائے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں اور نشستوں پر ناجائز قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ٹکٹ چیکرز کی کارکردگی کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور مسافروں کو ان کی خریدی گئی نشستوں پر باعزت اور محفوظ سفر کی سہولت فراہم کی جائے۔